ادے پور، 6؍ جون (ایس او نیوز؍ایجنسی) راجستھان کے وزیراعلیٰ اور جہاں دیدہ سیاستداں اشوک گہلوت نے بالآخر کانگریس کے ان 10 اراکین اسمبلی کو منا لیا جو ریاست سے راجیہ سبھا کے امیدواروں کے ناموں کے اعلان کے بعد سے ناراض تھے۔ ان لیڈروں کے مان جانے کے بعد 10 جون کو راجیہ سبھا کیلئے راجستھان اسمبلی میں ووٹنگ کے دوران کراس ووٹنگ کا خطرہ ٹل گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کانگریس کو یہاں سے تیسری سیٹ پر بھی کامیابی ملنے کی امید بڑھ گئی ہے جس کیلئے اب اسے آزار رکن اسمبلی کی حمایت درکار ہوگی۔ اراکین اسمبلی کی ناراضگی اور راجستھان اسمبلی سے راجیہ سبھا کیلئے کانگریس کی تیسری سیٹ کے کھٹائی میں پڑنے کے اندیشوں کے بیچ خود وزیراعلیٰ نے مورچہ سنبھالا اور سنیچر کی شام ناراض اراکین کے ساتھ طویل ملاقات کےبعد نہ صرف انہیں منا لیا بلکہ رات ایک بجے انہیں اپنے ساتھ لے کر اُدئے پورکے تاج اراولی ریزارٹ پہنچے۔ اس ڈرامے کے خاتمے کے ساتھ ہی کانگریس نے راحت کا سانس لیا ہے۔